ملک بھر میں 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز قائم کر دیئے گئے ہیں، سینیٹر محمد عبدالقادر
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں تمام سیاسی جماعتیں ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لئے دل خوش کن بیانات دے رہی ہیں ایسا لگتا ہے کہ ہر سیاسی جماعت ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور اسی کے پاس ملک و قوم کے مسائل کا اکسیر علاج ہے حکومت اور ادارے بھی اپنی تیاریوں کا حتمی جائزہ لے رہے ہیں اعلی عدلیہ اور افواج پاکستان شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے یہاں ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی سینیٹر محمدعبدالقادرنے کہاکہ اس وقت تک ملک بھر میں 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز قائم کر دیئے گئے ہیں اور ان پولنگ اسٹیشنز پر اپنے فرائض سرانجام دینے کے لئے ایک ملین سے زائد کا تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو کئی ہفتوں سے انتخابی عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 12 کروڑ 85 لاکھ 80 ہزار ووٹرز کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں انتخابات 8 فروری کو ہوں گے اور ان پر 10 لاکھ 7 ہزار سے زائد پولنگ کا عملہ متعین ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ملک کو غیر یقینی کی صورتحال سے باہر نکلنے میں مدد دے گا نئی منتخب حکومت اور عوام کے منتخب نمائندے امور مملکت دیں گے تو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے دنیا ایک عبوری یا غیر منتخب حکومت سے معاملات طے کرنے سے گریز کرتی ہے امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی منتخب حکومت امن و امان کی صورتحال اور اقتصادی مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی ناقص صورتحال اور معاشی دباؤ سے آزاد ہونے اور باہر نکلنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ، اسمگلنگ پر قابو پانا،روپے کی قدر میں بہتری ہونا، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے تازہ دم اور با صلاحیت قیادت کی ضرورت ہے عوام اپنے قیمتی ووٹ کو انتہائی سوچ سمجھ کر کاسٹ کریں دانشمندی سے منتخب کئے گئے عوامی نمائندے ملک و قوم کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہوں گے جبکہ ووٹ ڈالنے کے لئے عوام کا غیر سنجیدہ طرز عمل ملک و قوم کو تباہی سے دوچار کر دے گا۔