فواد چوہدری اور مراد سعید کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیلیں خارج
راولپنڈی+ سوات(ڈیلی گرین گوادر) لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ کے الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیلیں مسترد کردیں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بڑا سیاسی جھٹکا لگ گیا۔ ان کی این اے 60 اور 61 جہلم سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی اپیلیں مسترد ہوگئیں۔الیکشن ٹربیونل جج جسٹس چودہری عبدالعزیز نے فیصلہ سناتے ہوئے فواد چوہدری کیخلاف تمام اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔
عدالت نے کہا کہ فواد چوہدری نے اہلیہ کے بنک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، انہوں نے بیان حلفی بھی نہیں دیا اور منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات بھی چھپائے۔فواد چوہدری انتخابی میدان سے آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ ان کی اہلیہ حبا چوہدری پہلے ہی نااہل ہوچکی ہیں۔وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ لارجر بینچ میں چیلنج کریں گے۔
دوسری جانب سوات میں بھی الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی اپیل خارج کرتے ہوئے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ مراد سعید کا مختیار نامہ توثیق شدہ نہیں ہے اور وہ خود بھی پیش نہیں ہوئے۔مراد سعید نے این اے 3 اور این اے4 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔