سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے لوگوں کو بھاری بھر کم بل بھیجے جارہے ہیں، ڈاکٹر قاسم بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ سمیت سرد علاقو ں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس غائب ہوگئی ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ سراپااحتجاج ہیں تو دوسری طرف سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے لوگوں کو بھاری بھر کم بل بھیجے جارہے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کا شمار بلوچستان کے سرد ترین علاقوں میں ہوتا ہے لیکن موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ کئی سالوں سے شہر میں گیس پریشر نہ ہونے اور گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خواتین،بزرگوں اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کھانا بنانے کیلئے لوگوں کو مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین اورشہری گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے آئے روز احتجاج پر مجبور ہیں لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی گیس پریشر بحال کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس نہ ہونے کے باوجود شہریوں کو بھاری بل بھیجے جارہے ہیں جو غریب لوگ جمع کرانے کی استعداد نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ سوئی گیس بلوچستان سے نکلتی ہے لیکن بلوچستان کے عوام کو اس سے محروم کرنا ان سے زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی فوری طور پرکوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر سرد علاقوں میں گیس پریشر کو فوری بحال کرے اور غیر اعلانیہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں بصورت دیگر پاکستان غریبوں کی پارٹی عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے