بلوچستان ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں جل رہا ہے،نوابزادہ جمال رئیسانی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سابق نگراں وزیر کھیل نوابزادہ جمال رئیسانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں جل رہا ہے، کالعدم تنظیموں کو کس نے اجازت دی ہمارے پیاروں کو شہید کریں۔
اسلام آباد میں بلوچستان شہدا فورم کے تحت میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ ملک ودشمن عناصر کئی عرصے سے سازشوں میں مصروف ہیں، اور یہ سازش لوگوں کے دل ودماغ میں نفرت کو جنم دے رہی ہے، اس کا فائدہ کالعدم تنظیموں کو ہے۔جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ مختلف زبان بولنے والوں کو آپس میں لڑایا جارہا ہے، بھائی کو بھائی سے لڑا کر سازش کی جا رہی ہے، ہم آگ میں جل رہے ہیں، اپنے پیاروں کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں۔
سابق نگران وزیر کھیل نے کہا کہ میں فرد واحد نہیں قبیلے کی حیثیت سے آپ کے سامنے موجود ہیں، بلوچستان ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں جل رہا ہے، ملک و دشمن عناصر تمام صوبوں کے رہنے والوں کو آپس میں لڑاتے ہیں، ایک سازش کے تحت اس صوبے میں میں شدت پسندی کو بڑھایا جا رہا ہے۔
جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ راتوں کو نیند نہیں آتی کیونکہ ہمارے پیارے ہمیں پکارتے ہیں، اگر ہم اپنے شہداء کے لیے آواز نہ اٹھائیں تو ہمارا ضمیر ہمیں ملامت کرتا ہے، ہمارا سوال ہے کیا ہمارے پیاروں کو خون اتنا سستا ہے، کالعدم تنظیموں کو کس نے اجازت دی ہمارے پیاروں کو شہید کریں۔
سابق وزیر نے کہا کہ ان بچوں کا کیا قصور تھا کہ جن کے والد کو شہید کر دیا گیا، ہمارے پیاروں کا خون ہمیں پکارتا ہے، انہیں کس نے شہید کیا، آج شہدا کی بات کررہے ہیں، ہو سکتا ہے کل ہمیں بھی نشانہ بنایا جائے، ہمیں اپنے پیاروں کے لئے انصاف کون دے گا۔