بلوچستان ہائی کورٹ، 75 کیسز کی سماعت ہوئی47امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) 8فروری کے عام انتخابات میں ریٹرنگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے والے امیدواروں کی اپیلوں پر بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونلز میں پر سماعت جاری، ہفتہ کو مجموعی طور پر 75 کیسز کی سماعت ہوئی47امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی، الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر اعلی جام کمال خان کے انتخابات لڑنے کے خلاف اعتراضات مسترد کرکے انہیں بھی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔بلوچستان ہائی کورٹ میں دو الیکشن ٹربیونلز نے اپیلوں پر سماعت کی، الیکشن ٹربیونل ون کے جج جسٹس ہاشم کاکڑ نے 17 کیس کی سماعت کی،ٹربیونل نے 3 امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی،ایک اپیل مسترد اور 5 اپیل خارج کردیں جبکہ 8 فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے، الیکشن ٹربیونل ٹو کے جسٹس محمدعامر نواز رانا نے 58 اپیلوں کی سماعت کی،ٹربیونل نے 44 امیدواروں کو الیکشن کے لئے اہل قرار دے دیا، ٹربیونل نے 8اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ 6 اپیلوں پر فریقین کو جواب طلبی کے نوٹسز جاری کردئیے۔ مجموعی طور پر دونوں اپیلٹ ٹربیونلز نے 75 اپیلوں کی سماعت کی،جن میں سے 47اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی،6اپیلیں مسترد ہوئیں،14اپیلوں پر نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ 8 اپیلوں پر فیصلے محفوظ کئے گئے، بلوچستان ہائیکورٹ کے دونوں الیکشن ٹربیونلز اب تک دائر 405 میں سے 342اپیلوں کی سماعت کرچکے ہیں۔