عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ایک مقدس پیشہ ہے، عبدالخا لق شیخ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان عبدالخا لق شیخ نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ایک مقدس پیشہ ہے جس میں کمزور اور نادار کی مدد کر سکتے ہیں۔ اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کریں۔ پولیس کے شعبے کے قیام کا مقصد معاشرے سے جرائم، بدعنوانیوں اور خلاف قانون حرکات کو ختم کرنا ہے تاکہ معاشر ے میں کامیابی وکامرانی کی منازل طے کرکے ملک میں امن و امان اور راحت و اطمینان کا ذریعہ بنے۔ پولیس کسی بھی قوم اور معاشرے کی اصلاح و فلاح اور ترقی و بلندی کا ایک اہم ترین شعبہ تصور کیا جاتا ہے جس میں فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی زندگی قربان کی جاتی ہے۔ پولیس افسرا ن اور اہلکاروں نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ماضی میں بے پناہ قربانی دی ہے۔ آج کا دن یہ عہد کریں کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت،عزت آبرو کے لئے ہرقسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور عوام کی خدمت اور سلامتی کو اپنا شعار بنائیں گے۔شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لیے اپنے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔یہ بات انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج سریاب کوئٹہ میں 99ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستا ن کانسٹیبلری سلمان چوہدری، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ محمد اشفاق عالم، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر قمرالحسن، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ،اے آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمانڈنٹ پی ٹی سی، چیف لاء انسٹرکٹر پی ٹی سی کوئٹہ رحمت اللہ بنگلزئی سمیت دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس یونیفارم زیب تن کرکے یہ عہد کیا ہے کہ اس کے تقدس کو کبھی پامال نہ ہونے دیں اور اپنے طرز عمل سے عوام کے دلوں میں اپنا اعتماد پیدا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں گے۔ قیام امن کے لئے پولیس کے جوانوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز اور عوام ایک پیج پر ہیں پولیس فورس کا جوان بلوچستان کے ناموس کی علامت ہیں بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے یہ تعاون حاصل کرنے کے لئے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر عوام کی شکایات کا ازالہ کرنا ہو گا اورجرائم کی بیخ کنی کرنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی نسبت اب پولیس کی ذمہ داریاں بڑ ھ گئی ہیں۔ جوانوں کو اپنے اند ر تحریک اور جذبہ لانے کی ضرورت ہے کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا فریضہ سر انجام دینا ہوگا۔ پولیس کے جوان فر ض کی ادائیگی میں شہریوں کے حقوق اورعزت نفس کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں فورس کمانڈر نے کہا کہ بلند اخلاق اور مثبت رویہ ہی محکمہ کی نیک نامی کاباعث ہوگا۔ معاشرے میں جا کر عوام کی خدمت اور امن و امان میں خلل پیدا کرنے والے عناصر کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے۔ موجودہ دور میں محکمہ پولیس کی زمہ داریاں ماضی کی نسبت اور زیادہ بڑھ گئی ہیں اور اسی طرح درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نبردآزما ہونگے۔عوام کی تحفظ کے لئے دی گئی ذمہ داریوں کی وجہ سے کٹھن حالات میں بھی کام کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلو چستان پو لیس کے بہادر افسران اور جو انوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جوکہ دہشتگردی کے خلاف ہر اول دستہ کا کردار ادا کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں تربیت کے معیار کودیکھ کرمیں کمانڈنٹ پی ٹی سی اوراس کی ٹیم کو دِلی مبارک باد پیش کر تا ہوں۔اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ محمد اشفاق عالم نے سپاسنامہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنی اہم مصروفیات کے باوجود پولیس ٹریننگ کالج کی99ویں پاسنگ آؤٹ پریڈمیں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرما کر ہماری حوصلہ افزائی فرمائی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کالج سے 919افسرا ن پاس آؤٹ ہو رہے ہیں جن میں اپرکورس کے 197، انٹرمیڈیٹ کورس کے 399، لوئر کورس کے323 جوان شامل ہیں انہوں نے کہا کہ اِدارے کے قیام سے لیکر اب تک تقریباً57,595سے زائدآفیسران تربیت حاصل کر چکے ہیں کالج ہذا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کے سینئر تجربہ کار انسٹرکٹرز نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بھی تربیت سے ہمکنار کیا ہے۔کمانڈنٹ پی ٹی سی نے بتایا کہ آئی جی پولیس کی خصوصی دلچسپی سے کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن سے ٹریننگ کا معیار مزید بہتر ہو گا انہوں نے کہا کہ میں یہاں پرشہداء PTCکا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ 24اکتوبر2016 ء PTCمیں ہونے والا دہشت گردی کا المناک واقعہ ہم نہیں بھولے اور نہ ہی بھولیں گے۔ فورس کمانڈ ر نے کہا کہ کمانڈنٹ پی ٹی سی نے اپنے سپاس نامے میں ادارے کے جن مسائل اور ضروریات کا ذکر کیا ہے ان تما م مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ میں تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مبارک باد پیش کر تا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ تربیت پولیس نظام کے حصول کیلئے بڑی کارگر ثابت ہو گی اور آنے والے وقتوں میں آپ ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے ادارے کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔میری دعائیں اورنیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کے آخر میں آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کو شیلڈ زاورتعریفی اسناد سے نوازا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے