بلوچستان کے عوام آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھ کر اپنی قسمت کا فیصلہ کریں، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے عوام آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھ کر اپنی قسمت کا فیصلہ کریں، کسی سیاسی لہر یا ماحول کے اثر میں آنے کی بجائے نظریہ اور فکر کو ووٹ دے کر آئندہ پانچ سالوں کیلئے ایک بہتر فیصلہ کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 میں جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں سراوان ہاوس میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مختلف قبائل و برداریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور ان کے نامزد امیدواروں کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی جس کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے لوگ آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کو اپنی قسمت کا فیصلہ اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھ کر کریں، خصوصاً نوجوان کسی سیاسی لہر یا ماحول کو ووٹ دینے کی بجائے نظریہ اور فکر کو ووٹ دے کراپنے آئندہ پانچ سالوں کیلئے ایک بہتر فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ جو سیاسی جماعتیں امیدواروں اور مخصوص نشستوں کی ٹکٹیں جاری کرنے میں کروڑوں روپے کا لین دین کررہی ہیں کیا اْن سے رکھی جاسکتی ہے کہ وہ آئندہ آنے والے دنوں میں کرپشن، رشوت ستانی کو روکیں گی، انہوں نے کہا کہ جب سیاسی عمل کی بنیاد ہی کرپشن پر ہو تو اس کا انجام انتہائی بھیانک اور خوفناک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور کوئٹہ شہر کے لوگ اپنی آئندہ نسلوں، معصوم بچوں کی زندگی کا فیصلہ کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرپشن زدہ ماحول سے باہر نکلنے کیلئے اپنے ووٹ کو آئندہ نسلوں کی خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے