احتساب عدالت،فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) احتساب عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔فواد چوہدری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر عرفان بھولا، سہیل عارف اور تفتیشی افسر پیش ہوئے جب کہ فواد چوہدری کےوکیل فیصل فرید چوہدری اور دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا تھی جب کہ 10 دن کا ریمانڈ دیاگیا۔ مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی گئی، کچھ انہوں نے بھی اقرار کیا۔ 8 کنال اراضی ان کے نام منتقل ہوئی، ریکارڈ کے مطابق اس کی ادائیگی ٹھیکیدار نے کی۔یہ اپنی ادائیگی کے ثبوت دینا چاہتے جو ابھی نہیں دیے۔ مزید تفتیش کرنی ہے۔ متعلقہ ٹھیکیدار اور ایکس ای این کو 2 جنوری کو بلایاہواہے۔ مختلف ریکوری بھی کرنی ہے اور مشکوک ٹرانزیکشنز سمیت دیگر شواہداکٹھے کرنے ہیں۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مزید 10 دن کا ریمانڈ دیاجائے تاکہ انکوائری مکمل کرلی جائے۔

جج نے استفسار کیا کہ ان کا رویہ کیسا رہا؟ جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ 10 دن کا ریمانڈ دیا،اچھا رویہ رہا،پڑھے لکھے لوگ ہیں ۔ جب ہم آپ کے سامنے آتے ہیں، سب سے پہلے آپ اپنا دائرہ اختیار دیکھتے ہیں۔ وارنٹ میں 4 الزامات ہیں، پہلا الزام بطور وفاقی وزیر منصوبے میں مداخلت کی۔ یہ پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کا ہے، ہائی وے کا تو ہے ہی نہیں۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے بعد میں جاری کرتے ہوئے عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرلیں اور وکلا سے ملاقات بھی کرادیں۔ عدالت نے فواد چوہدری کو 5 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے