ہم عوامی خدمت کا ایک شاندار ماضی لیکر میدان میں نکلے ہیں،میر ظفراللہ زہری

سوراب (این این آئی) عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں امیدوران کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری، پی بی 35 سوراب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی کاغذات کے جانچ پڑتال ریٹرننگ آفیسر اکبر علی مزار زئی کررہے ہیں، پی بی 35 سوراب سے جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدوار سابق صوبائی وزیر داخلہ نوابزادہ میر ظفر اللہ خان زہری اپنی کاغذات نامزدگی کے جانچ پڑتال کے سلسلے میں سوراب پہنچے تو جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں نے قومی آر سی ڈی شاہراہ پر ان کا بھرپور استقبال کیا اور سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے پر مشتمل جلوس کی شکل میں انہیں ریٹرننگ آفیسر کے دفتر ڈی سی کمپلیکس سوراب لے آئے، اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں ان کے حامیوں کی موجودگی کے باعث ڈی سی کمپلیکس میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی، کارکنان نوابزادہ میر ظفر اللہ خان زہری اور پارٹی قیادت کے حق میں پرجوش انداز میں نعرہ بازی بھی کررہے تھے، اس دوران جمعیت علماء اسلام کے ضلعی عہدیداران سرکردہ قبائلی و علاقائی عمائدین پارٹی کے منتخب بلدیاتی نمائندے موجود تھے، اس موقع پر سوراب پریس کلب (رجسٹرڈ) کے ممبران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ میر ظفر اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ ہم عوامی خدمت کا ایک شاندار ماضی لیکر میدان میں نکلے ہیں، سوراب کی تاریخ کی گواہ ہے کہ جب بھی اہلیان سوراب نے مجھ پر اعتماد کیا تو کارکردگی کی صورت میں انہیں مایوس نہیں کیا، اپنی کامیابی کے ماضی کے ادوار میں پہلی ترجیح بیروزگاری کا خاتمہ سرفہرست رکھا اور الحمدللہ سینکڑوں کی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار دیکر انہیں اس قابل بنایا کہ آج وہ اطمینان سے اپنے خاندان کی کفالت کررہے ہیں، قلیل فنڈز کے باوجود انفرادی مفادات کی تکمیل کے بجائے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر اجتماعی ترقیاتی منصوبوں کو فوقیت دی، تعلیم صحت پانی اور بجلی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کی، آج اسی تسلسل کو جمعیت علماء اسلام جیسی خدمت گار جماعت کی پلیٹ فارم سے جاری رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے، سوراب میں جییوآئی کی خدمات کا قابل تحسین تسلسل ہے ماضی میں یہاں سے جمعیت علماءاسلام سے منتخب ہونے والے نمائندوں نے کارکردگی کا ایک لازوال نمونہ پیش کیا ہے، ان شاء اللہ سوراب کی عوام ایک بار پھر اس مثالی دور میں لوٹ رہی ہے جس میں بلاامتیاز خدمت کا دور دورہ ہوگا ایک سوال کے جواب میں نوابزادہ میر ظفر اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور ایک ایسی دینی جمہوری سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جس کی قیادت نے ہمیشہ سیاست میں عدم تشدد تہذیب شائستگی اور رواداری کا درس دیا ہے، عوام سے کارکردگی کے بنیاد پر ووٹ لینے کے قائل ہیں،سیاست میں دھونس دھمکی اور تشدد کو جمہوری عمل کے منافی سمجھتے ہیں اور مخالفین کو بھی یہی پیغام دیتے ہیں کہ اب نئے دور کے نئے تقاضے ہیں، عوام کو طاقت لالچ اور دھونس دھمکی کے بجائے وڑن کارکردگی اور منشور کے زریعے قائل کرکے سیاسی میدان میں سیاسی اور جمہوری روایات کے مطابق مقابلہ کریں، نوابزادہ میر ظفر اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ آنے والی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام پورے ملک خصوصاً بلوچستان میں عوامی طاقت سے ایوانوں میں پہنچے گی اور وفاقی و صوبائی حکومت میں ایک موثر و نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے