مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل، جعلی دستخط کا الزام
سرگودھا(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض داخل کر دیا گیا۔
سرگودھا کے شہری کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے دی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امیدوار پی پی 80 کے دستخط جعلی کیے گئے ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے اثاثے بھی چھپائے ہیں، اعتراض لگا کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔
دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 127 سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔عام انتخابات 2024 کیلئے لاہور کے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض شہری محمد ایاز نے دائر کیا ہے ، شہری نے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے ، لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔