شہید بینظیر بھٹو نے ملک میں جمہوری نظام کے قیام اور عوام کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، چنگیزجمالی
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے ملک میں جمہوری نظام کے قیام اور عوام کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، شہید بی بی کی لازوال قربانی جیالوں کے لئے مشعل راہ ہے، شہید بینظیر بھٹو کو 16 ویں برسی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بلوچستان سمیت ملک بھر سے جیالوں کے قافلے گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ گئے، پیپلزپارٹی کے جیالے الیکشن میں بھرپور مہم چلا کر پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرکے شہید بینظیر بھٹو کو تحفہ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش بھٹو روانگی سے قبل بائی پاس میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میر چنگیز خان جمالی کے ہمراہ جیالوں کا قافلہ بھی گڑھی خدا بخش روانہ ہوا، میر چنگیز جمالی نے کہا کہ جعفرآباد سمیت بلوچستان بھر سے جو بھی شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہونگی انہیں خوش آمدید کہیں گے ٹکٹ کی تقسیم کا فیصلہ پارٹی قیادت نے کرنا ہے قیادت جس بھی امیدوار کو ٹکٹ دے گی جیالے فیصلے کو قبول کرینگے اور بھرپور الیکشن مہم چلا کر امیدوار کو کامیاب بنائیں گے، نصیرآباد کے حلقہ پی بی 13 پر ٹکٹ کس کو ملے گا اس بارے نہیں معلوم لیکن قیادت بہتر فیصلہ کرے گی، 2024 کا الیکشن پیپلزپارٹی ہی جیتے گی اور وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے بلوچستان کا وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔