حلقہ این اے 264سےنوابزادہ جمال رئیسانی کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264سے امید وارنوابزادہ جمال رئیسانی کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لئے گئے۔ بدھ کو ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے سابق نگراں صوبائی وزیر جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ انتخابات کی گہما گہمی شروع ہوچکی ہے پیپلز پارٹی بلوچستان میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پارٹی منشور میں عوام بالخصوص نوجوانوں کے لئے احساس ہے اگر اللہ نے موقع دیا تو تمام اقوام کے تحفظات دور کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے والد کا جنازہ بلوچستان کے لئے اٹھایاپارٹی کی کامیابی کے بعد صوبے میں بہترین تبدیلی آئے گی سیاست میں کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا کاکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملتے ہیں۔جمال رئیسانی نے کہا کہ ٹکٹوں کے حوالے سے پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا وہ ہمیں منظورہوگا امید ہے کہ ٹکٹ ضرور ملے گی پیپلز پارٹی نے آغاز حقوق بلوچستان،این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں ترمیم جیسے اقدامات کئے ہیں۔