اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء پر کریک ڈاؤن کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء پر کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بھی مختلف مقامات پر بند رہی جسکی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر تربت شہر اور نواحی علاقوں میں ہفتہ کو دوسرے روز بھی شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی،اس موقع پرتمام دوکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے، شہر میں پہیہ جام ہڑتال کے باعث ٹریفک کی روانی معطل رہی۔قلات کے علاقے منگچر میں مظاہرین نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج کر تے ہوئے شاہراہ کوبلاک کردیا جبکہ خضدار میں بھی ہڑتال کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل رہی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں مسافر گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔حب کے علاقے میں دوسرے روز بھی قومی شاہراہ کو آمدروفت کے لئے بند رکھا گیا تھا جہاں مسافر اور مالبردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہی جس کی وجہ سے مسافروں اور ٹراسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔مظاہرین نے مطالبہ کیاہے کہ اسلام آباد میں گرفتار کئے گئے لانگ مارچ کے شرکا ء کو رہا کیا جائے۔