کراچی سے پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکپسریس بحال
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی اور پشاور کے درمیان چلنے والی عوام ایکسپریس کو 15 مہینے 25 دن کے بعد بحال کردیا گیا۔عوامی ایکسپریس کی پہلی ٹرین آج کراچی کینٹ اسٹیشن سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی، اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آپریشن اشفاق تبسم اور ڈویژنل کمرشل آفیسر میڈم صبا جبین موجود تھے جنہوں نے مسافروں کو الوداع کیا۔کراچی کینٹ سے چلنے والی یہ ٹرین ڈرگ روڈ، لانڈھی، کوٹری، حیدرآباد، ٹندوآدم ،نواب شاہ ،روہڑی،خانپور،ملتان، ساہیوال،لاہور،جہلم اور راولپنڈی سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچے گی، عوامی ایکسپریس 64 راستے میں 64 چھوٹے اور بڑے اسٹاپ بھی کرے گی۔
محکمہ ریلوے کے مطابق پہلی اور آخری منزل کے درمیان 1725 کلومیٹر کا فاصلہ 35 گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ 13 اپ عوام ایکسپریس کراچی سے 7 بجے روانہ ہوکر ٹرین دوسرے دن شام 6 بجکر 5 منٹس پر پشاور پہنچے گی۔19 بوگیوں پر مشتمل اس ٹرین میں مجموعی طور 1250 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے، ان میں 15 بوگیاں اکنامی کلاس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور ایک اے سی بزنس کلاس ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیئے ریستوران والی کوچ بھی لگائی گئی ہے۔