عام انتخابات،ملک میں کاغذات نامزدگی کا اجراء شروع
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)عام انتخابات 8 فروری 2024 کے لیے ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کا اجراء شروع کر دیا گیا۔آئندہ انتخابات کے لیے ضلع راولپنڈی کی 7 قومی ور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے کاغذات نامزدگی کا اجراء شروع ہوگیا ہے جس سے انتخابی گہما گہمی بھی شروع ہوگئی۔
راولپنڈی کی 7 قومی اور 14 صوبائی سیٹوں کے لیے 21 ریٹرننگ وار 43 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ہیں۔
راولپنڈی سے پہلے روز اب تک 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے لیے 100 روپے فیس مقرر ہے جبکہ شناختی کارڈ ہونا بھی لازمی ہے۔
تمام ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے 100 میٹر اطراف پر ریلی، نعرہ بازی، جلسہ جلوس وار اسلحہ لہرانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔اسلام آباد کی تین قومی اسمبلی کی سیٹوں کے لیے بھی کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہوگیا ہے، قومی اسمبلی کی تین سیٹوں کے لیے بھی تین ریٹرننگ افسران تعینات ہیں۔
این اے 46 کے ریٹرننگ افسر کامران علی چیمہ، این اے 47 کے ریٹرننگ افسر عثمان اشرف اور این اے 48 کے ریٹرننگ افسر محمد عبداللہ محمود ہیں۔ کاغذات نامزدگی فارم وصول کرنے کے لیے امیدواروں کی گہما گہمی لگی ہوئی ہے۔دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔