آنے والے دور میں عوام کی امیدیں جمعیت علماء اسلام سے وابسطہ ہیں، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ آنے والے دور میں عوام کی امیدیں جمعیت علماء اسلام سے وابسطہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام عوام کی ترجمانی کرنے والی سیاسی جماعت ہے ہر دور میں جمعیت علماء اسلام نے وفاقی سطح پر اور صوبائی سطح پر عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کی ہے۔صوبہ بھر کے لوگوں کی نظریں جمعیت علماء اسلام پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام نے جس طرح ماضی میں عوام کا مقدمہ لڑا ہے اب بھی ہر فورم پر لڑ کر میدان عمل میں رہیں گے۔ جمعیت علماء اسلام نے اسمبلیوں کے اندر اور اسمبلیوں کے باہر صوبے کی مفادات کے حوالے سے صوبے کی ترقی کے حوالے سے جو کردار ادا کیاہے اس پر تاریخ گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات اخوت بھائی چارے کے اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنے وسائل اور استعداد کے مطابق خدمت خلق کے جزبے سے سرشار ہو تاکہ ملک اور صوبے کے عوام کو یہ یقین ہوجائے کہ جمعیت علماء اسلام اپنے نظریاتی اور فکری مقاصد کے ساتھ ساتھ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی ایک جاندار اور موثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔