اچھی طرز حکمرانی کو قائم اور برقرار رکھنے میں سرکاری آفیسروں کا کلیدی کردار ہے، ملک عبدالولی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بلوچستان سول سروس ایگزیکٹیو برانچ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی کو قائم اور برقرار رکھنے میں سرکاری آفیسروں کا کلیدی کردار ہے،معاشرے کے صاحب اختیار اور ذمہ دار افراد کی احساس ذمہ داری سے ہی مجموعی طور پر آسانیاں پیدا ہو جاتی ہیں،ضلعی انتظامی آفیسرز کی حیثیت سے بلوچستان کے حالات کو آپ بہتر طور سمجھتے ہیں اور ہر چیز پر آپ کی گہری نظر بھی ہے لہٰذا اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھا کر ہی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سروس ایگزیکٹیو برانچ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صاحبان، نومنتخب کابینہ کے صدر مجیب الرحمن قمبرانی، ریٹائرڈ بیوروکریٹس نصیب اللہ بازئی، آغا تیمور شاہ، حیدر علی شیکو، نسیم لہڑی اور بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ سمیت مختلف اضلاع کے ایڈمنسٹریٹو آفیسرز بھی موجود تھے،اس موقع گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سیاسی اکابرین اور بیوروکریٹس مل کر بلوچستان کو درپیش مشکلات سے نکال سکتے ہیں،آپ کی اچھی کارکردگی صوبے کو پسماندگی سے پائیدار ترقی کی جانب لے جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غلطی انسان سے ہوتی رہتی ہے ماضی میں حالات مختلف تھے اور سہولیات کا بھی فقدان تھا لیکن ہمیں ماضی کی غلط روایات اور فرسودہ طریقہ کار کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر پوری توجہ مرکوز رکھنی چاہیے،گورنر بلوچستان نے کہا کہ سرکاری آفسرز کو کسی دباؤ میں آنے کی بجائے ایک سچے عوامی خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنا چاہیے یہ حقیقت ہے کہ تمام سرکاری آفسرز عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ اچھی طرز حکمرانی قائم کرنے اور معاشرے کو ناجائز سفارشوں اور کرپشن سے پاک رکھنے میں آفیسرز حضرات ہی سب سے بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں، آخر میں گورنر بلوچستان نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ نئی کابینہ کے اراکین عوام کو قانونی حقوق و اختیارات دلوانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے،قبل ازیں گورنر بلوچستان شرکاء اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے