کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جا ری رہنے کے بعد موسم سرد ہو گیا جبکہ دوسری جانب بارش کے چند بوند برستے ہی کوئٹہ شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمال مغربی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ دالبندین، خاران، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، نوشکی، ژوب،پشین اور قلعہ سیف اللہ میں وقفے وقفے سے با رش کا سلسلہ جا ری رہا جس کے بعد سرد ی کی شدت میں اضا فہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوسری جانب سے بارش کے چند بوند برستے ہی کوئٹہ شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو قلات میں 2،کوئٹہ،دالبندین اورنوکنڈی میں 1،1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آج (ہفتہ) کو بھی صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔