ایٹمی طاقت پاکستان کی صلح جوئی کو اسکی کی کمزوری نہ سمجھا جائے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے پاکستان کی صلح جوئی کو اسکی کمزوری نہ سمجھاجائے، پاکستان سیکورٹی فورسز کے چاک وچوبند اور مستعد دستوں نے پاک افغان طورخم بارڈر پر افغانستان سے پاکستان اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے جدید ترین امریکی ہتھیار افغانستان سے پاکستان آنے والے ان ٹرکوں میں چھپائے گئے تھے جن میں پیاز کی بوریاں لدی ہوئی تھیں یہ وہی اسلحہ تھا جو امریکی افواج اگست 2021 میں افغانستان سے انخلاء کے وقت افغانستان میں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہا کہ یہ خطرناک آتشیں اسلحہ پاکستان میں دہشت گردوں کو بھیجا جا رہا تھا اگر کسی طرح یہ اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ جاتا تو پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کا سبب بنتا اگست 2021 میں امریکا کا افغانستان میں بڑی تعداد میں چھوڑا ہوا اسلحہ افغان طالبان اور انکے پراکسی تحریک طالبان پاکستان کے پاس پہنچ گیا افغان طالبان کے علاوہ کسی دوسرے کے ہاتھ اس اسلحے کا لگنا پورے خطے کے لئے انتہائی تشویشناک بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے متعدد واقعات میں دہشت گردوں سے جو اسلحہ پکڑا گیا ہے وہ وہی امریکی اسلحہ ہے پاکستان میں ہونے والی متعدد دہشت گرد کاروائیوں کے بعد پاکستان نے بار بار افغان طالبان سے احتجاج کیا اور کہا کہ وہ ان تمام دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث پائے گئے ہیں لیکن افغان طالبان نے ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز کیا افغان طالبان کو دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی ورنہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار پر امن ملک ہے پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ متوازن اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے لیکن پاکستان کی صلح جوئی کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے پاکستان دہشت گردی کی زد میں آکر بے انتہا نقصان اٹھا چکا ہے پاکستان دہشتگردی کی پر زور مذمت کرتا ہے اور کسی صورت ملک میں ہونے والی دہشت گردی کو برداشت کرنے کو تیار نہیں پاکستان اپنی حدود میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے غافل نہیں رہ سکتا، افواج پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں افواج پاکستان نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ وہ ملک کے طول و عرض سے دہشتگردوں کا صفایا کرکے ہی دم لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے