حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلوچستان کے لوگوں میں ناراضگیاں اوراحساس محرومی بڑھ رہا ہے عمران خان اورانکے حواری ملک کو گروی رکھ کر بیرون ملک فرار ہوجائیں گے، پیپلزپارٹی جمہوری سیاسی جماعت ہے پارٹی قیادت کے پارلیمنٹ کے اندر جاکر حکومت کا مقابلہ کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،سابق سینیٹرروزی خان کاکڑ،میرولی محمد قلندرانی، کوئٹہ سٹی کے صدرنورالدین کاکڑ،سید اکبر شاہ،سابق صوبائی وزیر جعفرجارج،شاہجہان گجر،وڈیرہ شیرین مری،اکرم بنگلزئی،ڈاکٹرعبدالغنی بنگلزئی،چوہدری شان سلامت،جبارخلجی اوردیگر نے سید محمد ایوب آغا کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل سید محمدایوب آغا نے اپنے ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں رہتے ہوئے جب انہوں نے عوام اور کارکنوں کے حقوق اور پارٹی آئین کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی تومیرے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئیں جس پرہم نے بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک اوردیگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت،بھٹو ازم اور عوام کی خدمت کی بات کی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ برسراقتدارحکومتی جماعت سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں راتوں رات بننے والی پارٹیاں ملک و قوم کی وفادار نہیں ہیں اورعوام کو دھوکہ دے رہی ہیں ہم پرغداری کے مقدمات بنائے گئے کوڑے مارے گئے پھانسیاں دی گئیں لیکن آج تک پیپلز پارٹی نے ملک اورعوام کے علاوہ کسی دوسری چیز پر بات نہیں کی پیپلز پارٹی ملک کیلئے قربانیاں دینے والی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو معلوم نہیں کہ عوام کے مسائل کیا ہیں بلوچستان کے لوگ ناراض ہورہے ہیں یہاں احساس محرومی بڑھ رہا ہے پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کو اکٹھاکرکے ملک سے محبت کا سبق دیا ہے موجودہ حکومت ملک اور معیشت کو تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے تاریخ کبھی بھی عمران خان کو معاف نہیں کریگی بلوچستان میں بجلی،پانی،گیس دستیاب نہیں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے زمیندار پے درپے نقصانات سے پریشان ہیں حکومت ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی دکان کا معاوضہ اڑھائی لاکھ روپے دے رہی ہے عوام نے 2008ء سے 2013ء تک پیپلز پارٹی کا سنہرا دور بھی دیکھاکہ جہاں عوام کو ریلیف دیا گیا مہنگائی پرقابو پایا گیامزدور کی اجرت 250فیصد بڑھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا اور ملک ترقی کی راہ پرچل رہا تھا لیکن ہمیں این ایف سی ایوارڈ،عوام کو ریلیف دینے کی پاداش میں جیتے ہوئے انتخابات میں ہرایا گیانا اہل حکمرانوں کی وجہ سے بلوچستان میں ہرسال 65ارب روپے لیپس ہورہے ہیں اس حکومت میں اتنی سکت ہی نہیں کہ وہ فنڈز خرچ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر عوام سے زرا بھی لگاو ہے تو وہ غریب کا چولہا جلنے دیں اور رضاکارانہ طور پر مستعفی ہوجائیں عمران خان کے آنے سے ملک آفتوں اور بحرانوں کا شکار ہے عمران خان کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہیں اسے نکالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں غیر جمہوری،غیرپارلیمانی اور گالم گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایاہے آج پی ٹی آئی کی وجہ سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ منظم سیاست کی ہے ہم ملک بچانے کیلئے سرگرم ہیں موجودہ حکومت کے لوگ حکومت ختم ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات میں عوامی عدالت میں جاہی نہیں سکیں گے کیونکہ وہ ووٹ کی پرچی سے نہیں بلکہ سلیکٹ ہوکر آئے ہیں حکومت کو صرف اپنی تنخواہیں بڑھانے کی قانون سازی آتی ہے آج تک عوامی مفاد میں کسی قسم کی قانون سازی نہیں کی گئی اگر حکومت کو کچھ کرنا ہوتا تو وہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مختلف محکموں کے احتجاج کرنے والے ملازمین کے مسائل حل کرتی۔انہوں نے کہا کہ سیدمحمد ایوب آغانے ایک بہت اچھا اوردرست فیصلہ کیا ہے ہم انہیں پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے