بلوچستان کو کراچی سے ملانے والی قومی شاہراہ این 25کو دو رویہ بنانے پر کام تیزی سے جاری ہے،این ایچ اے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کو کراچی سے ملانے والی قومی شاہراہ این 25کو دو رویہ بنانے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس ہم منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا۔ نیشنل ہائی وے کے ذرائع نے بتایاکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان کو کراچی سے ملانے والی قومی شاہراہ این اے 25 کو دورویہ بنانے کیلئے اس اہم منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے خضدار سے کچلاک تک 330 کلو میٹر یہ دو رویہ سڑک بنائی جائے گی اسی منصوبے کے تحت موجود نیشنل ہائی وے (N- 25) کی بھی مرمت اور بحالی مجوزہ معیار کے مطابق کی جائے گی۔ذرائع نے بتایاکہ جلد تعمیر کی غرض سے اس منصوبے کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے چار پر تیزی سے کام جاری ہے پانچویں حصے کاڈیزائن مکمل ہونے کے بعد جلد ٹینڈرنگ کی جائے گی۔ اس منصوبے میں آبی گزرگاہوں کے لئے نئے پل اور کلورٹس بھی بنائی جائیں گی۔