بلوچستان لیبر فیڈریشن کی کال پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ملازمین سراپا احتجاج
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام چیئر مین بی ڈی اے کے ملازم دشمن رویہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں ٹھیکیداری نظام سالڈ ویسٹ کے نام پر فنڈز کے ضیاع بلوچستان حکومت کی جانب سے لواحقین کی بھرتی بارے عمر کی حد کا تعین نہ کرنے محکمہ بی اینڈ آر سمیت دیگر محکموں میں پر موشن اپ گریڈیشن میں ٹال مٹول میونسپل اداروں کو تنخواہوں پنشن گریجویٹی کے فنڈز وقت پر نہ دینے۔ ڈی سی تربت اور اے سی کوہلو کی جانب سے میونسپل ملازمین کو ہراساں کرنے ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے اور دیگر ملازمین و مزدوروں کے کے مطالبات کے حل نہ ہونے کیخلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بی ایل ایف کی کال پر ملازمین سراپا احتجاج۔ ریلیاں مظاہرے جلسے منعقد کئے گئے۔ کوئٹہ میں مرکزی احتجاجی ریلی صدر خان زمان حضرت خان حافظ منیر قاسم خان عابد بٹ انیس الرحمن کی قیادت میں کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میزان چوک قندہاری بازار سے منان چوک پہنچی جہاں سینکڑوں ملازمین نے دھرنادیا۔جلسے کے شرکاء سے بی ایل ایف کے مرکزی صدر خان زمان قاسم خان حافظ منیراحمد حضرت خان منظور احمد انیس الرحمن عابد بٹ اور دیگر یونینز کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔خان زمان نے کہا کہ پلوچستان کے اداروں کوجان بوجھ کر مفلوج کرکے پرائیویٹ اور نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ٹھکیدار کے حوالے کرکے ادارے اور کوئٹہ شہر کو کھنڈرات میں بدلنے اور فنڈز کو لوٹ مار کی پلاننگ کی جارہی ہے۔ محکمہ بی ڈی اے میں چیئر مین چار ماہ سے احتجاج پر بیٹھے ملازمین کے مسائل حل نہیں کررہے حکومت کی جانب سے منظوری کے باوجود تنخواہیں ادا نہ کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ حکومت جان بوجھ کر تمام مسائل کا ادراک ہونے کے باوجود لواحقین کی بھرتی میں عمر کی حد کا تعین نہیں کررہی اس وجہ سے بلوچستان میں سینکڑوں بیوائیں اور یتیم بچے انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی تربت اور اے سی کوہلو کی جانب سے میونسپل اداروں کے معاملات میں مداخلت اور ملازمین و افسران کو دھمکیاں دینے کی شدید مزمت کرتے ہیں۔ بلوچستان کے ملازمین اور انکا حقیقی پلیٹ فارم بلوچستان لیبر فیڈریشن ایسی حرکتوں کی اجازت نہیں دے گی اور ہر فورم پر نا انصافی کیخلاف آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا حکومت فوری طور پر تمام اداروں کو ملازمین کے مسائل حل کرنے کا کہے آ ج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا ہے آئندہ کی کال شاہراہوں پر دھرنوں کی ہوگی حکومت مسائل کے حل پر توجہ دے۔