پاکستان کے عوام 8فروری کو شیر پر مہر لگا کر ثابت کرینگے کہ انہیں خوشحال پاکستان چاہئے، فاطمہ خان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی رہنماء فاطمہ خان نے کہاہے کہ پاکستان گزشتہ چار پانچ سال سے جن گھمبیر مسائل میں گھیرا ہوا ہے ایسے حالات میں پارٹی قائد میاں نوازشریف کا ہمارے ساتھ ہونا اس ملک و قوم کی خوش قسمتی ہے،نواز شریف کی قیادت میں ایک روشن اور ترقی کرتے پاکستان کا سفر پھر سے شروع کریں گے آنے والادور مسلم لیگ(ن) کاہی ہے مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں فاطمہ خان نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت صرف اور صرف سابق وزیراعظم مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف ہی رکھتے ہیں اس لئے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ووٹ کی طاقت سے نوازشریف کو دوبارہ وزیراعظم کی کرسی پر بٹھائیں گے اور ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی مہنگائی کا خاتمہ غربت بے روزگاری کا خاتمہ نوازشریف سے ہی ممکن ہے،پاکستان کے عوام 8فروری کو شیر پر مہر لگا کر ثابت کرینگے کہ انہیں خوشحال پاکستان چاہئے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہے انشاء اللہ آنے والا وقت مسلم لیگ(ن) کاہی ہے۔