جسٹس اعجاز الاحسن کی سپریم جوڈیشل کونسل میں بطور ممبر شمولیت چیلنج
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جسٹس اعجاز الاحسن کی سپریم جوڈیشل کونسل میں بطور ممبر شمولیت سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔
جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے معاملے میں میاں داؤد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی، جس میں جسٹس اعجاز الاحسن کی سپریم جوڈیشل کونسل میں بطور ممبر شمولیت چیلنج کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔ آئینی درخواست کے ساتھ سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے مقدمے کی مکمل آرڈر شیٹ بھی لف کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ کے اس بینچ کا حصہ تھے جس نے بینچ فکسنگ کے تحت غلام محمود ڈوگر کا مقدمہ سنا۔ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کی سپریم جوڈیشل کونسل میں تاحال شمولیت آئین کے آرٹیکل 10 اے اور 9 کی خلاف ورزی قرار دے۔