منظور پشتین نے ہمیشہ مظلوم پشتونوں اور بلوچوں کے حق کیلئے آواز اٹھائی ہے، ساجد ترین ایڈو کیٹ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ساجد ترین ایڈو کیٹ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے ہمیشہ مظلوم پشتونوں اور بلوچوں کے حق کیلئے آواز اٹھائی ہے، منظور پشتین چمن دھرنے سے ہوکر بالاچ بلوچ کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے تربت جارہے تھے کہ انہیں فائرنگ کر کے گرفتار کیا گیا اس طرح کے واقعات اشتعال انگیزی پھیلانے کے مترادف ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کوئٹہ آغا حسن بلوچ، نصیر شاہوانی، غلام نبی مری، شکیلہ نوید دھوار کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ ساجد ترین ایڈو کیٹ نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو چمن دھرنے کے بعد تربت دھر نے میں شرکت کر نے کے لئے جا تے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنا کر گرفتار کیا گیا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 75سالوں سے ریاست نے پشتون اور بلوچ عوام کے ساتھ ناروا سلوک جا ری رکھا ہوا ہے جو کہ مارشلاء سے بھی بد تر ہے، صوبے میں سیکورٹی کے نام پر پشتون اور بلوچ عوام کو افراتفری کی جانب دھکیل کر ایک سازش کے تحت پر امن عوام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں تاکہ وہ قومی اور جمہوری سیاست کی بجائے دوسرا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہاکہ منظور پشتین نے ہمیشہ مظلوم عوام کی آواز کو بلند کیا ہے منظور پشتین تربت دھر نے میں بالاچ بلوچ کے لوا حقین سے اظہار یکجہتی کے لئے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بالاچ بلوچ کی عدالت میں پیشی کے بعد لاش بر آمد ہونا باعث تشویش ہے ملک میں آئین و قانون کی موجود گی میں ایسے واقعات کا رو نماء ہو نا باعث افسوس ہے، بلو چستان نیشنل پارٹی مکمل طور پر پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کی حمایت کا اعلان کر تی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ سیکورٹی کے نام پر پشتون اور بلوچ عوام کے ساتھ اختیار کئے گئے رویہ کا نوٹس لیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات کے حوالے سے بلو چستان نیشنل پارٹی اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکی ہے، بی این پی کو عوام اور ریاست سے دور کر نے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، بلو چستان نیشنل پارٹی سیا سی نظام پر یقین رکھتی ہے اور انشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں بھر پور انداز میں شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے