بلوچستان سول سروس کا کام بلوچستان میں ریونیو کے معاملات کو دیکھنا ہے،عبدالمالک کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان سول سروس کا کام بلوچستان میں ریونیو کے معاملات کو دیکھنا ہے لیکن ظالمانہ نظام کے تحت ریونیو افسران کو سیکرٹریٹ کی پوسٹوں پر بھرتی کیا جارہا ہے ریونیو افسران کا سیکر ٹر یٹ سے کوئی تعلق نہیں،بی سی ایس کیڈر کو ہماری پوسٹوں پر پروموشن دینا نا انصافی ہے ہم چیف سیکرٹری بلوچستان کو 2021کے بلوچستان کابینہ فیصلے پر عمل درآمد کے لئے 15 دن کا وقت دیتے ہیں آگر فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو قلم چھوڑ ہڑتال اور سیکرٹریٹ کی مکمل بندش کرینگے۔یہ بات انہوں نے پیر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ عبدالمالک کاکڑ نے کہا کہ بلو چستان سیکر ٹریٹ سروس (بی ایس ایس) اور بلو چستان سول سروس (بی سی ایس) دونوں سروس گروپس کا اپنا اپنا مخصوص کام ہے۔ بلوچستان سیکرٹریٹ سروس کے گریڈ ایک سے لیکر گریڈ بائیس تک اپنے سروس رولز موجود ہیں جن کی بنیاد پر ہماری پروموشن اور پوسٹنگ ہوتی ہے۔ جبکہ بی سی ایس گروپ کی بھرتی، تربیت اور کام بلوچستان کے اضلاع میں ریونیو کے معاملات کو دیکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ایس کے گریڈ – 17 سے اْو پر سروس اسٹرکچر موجود ہی نہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک ظالمانہ نظام کے تحت ان ریونیو آفسران کو سیکرٹریٹ کی پوسٹوں پر کھپایا جارہا ہے،تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں کہ حکومت بلوچستان تحصیلداروں کو سیکشن آفیسر کی پوسٹوں پر پروموشن دیتی آرہی ہے اور آج تک یہ غیر قانونی عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ دور میں بھی حکومت بلوچستان ان ریونیو آفیسران سے بلوچستان کے 90 فیصد سے زائد (بی ایریا) میں امن وامان کے قیام کا کام لے رہی ہے جبکہ پاکستان کے تمام صوبوں میں یہ کام ایک پروفیشنل سروس گروپ یعنی پولیس اور دیگر قانون کرنے والے ادارے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ حالیہ دنوں میں چینی، یوریا، ایرانی ڈیزل، گندم اور سیمنٹ کی اسمگلنگ میں مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزملوث پائے گئے مگر ان کی انکوائر ایاں فائلوں میں دبا دی گئیں اور ان نامدار آفیسروں کو بجائے معطلی کے سیکرٹریٹ میں پوسٹ کر دیا گیا۔ کیا سیکریٹریٹ کی پوسٹیں ان اسمگلنگ کے سہولت کاروں کے لئے رہ گئی ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ حکومت وقت کے رویے کی وجہ سے ہمارے کیڈر کی پوسٹیں غیر قانونی طور پر بی سی ایس کیڈر کو پروموشن کے طور پر دی جا رہی ہیں اور انہیں سیکرٹریٹ میں تعینات کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلو چستان کو 15دن کا وقت دیتے ہیں کہ وہ اگست 2021 کے بلوچستان کا بینہ کے فیصلے پر من وعن عمل کر تے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کریں بصورت دیگر آگر فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو قلم چھوڑ اور سیکرٹریٹ کی مکمل بندش کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے