مسلم لیگ (ن) کے قائد کی وطن واپسی کے بعد تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 2013ء کو مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں واضح اکثریت کے باوجود میاں نواز شریف نے اقتدار کی بجائے اقدار کو ترجیح دی، مسلم لیگ (ن) کے قائد کی وطن واپسی کے بعد تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء آمنہ مینگل کی اپنی دیگر خواتین ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہوکر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی، اس موقع پر جاوید احمد اور حیدر اچکزئی، فائزہ، فرح بی بی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جمال شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے اور سیاست سے دور کرنے کے لئے جس طرح غلط مقدمات بنائے گئے اور آج عدالتوں کی جانب سے انہیں ان مقدمات میں شواہد نہ ہونے کی بناء پر بری کیا جارہا ہے جو خوش آئند اقدام ہے میاں نواز شریف کی حکومت ختم کرکے پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کو مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی،لاقانونیت اور تاریکی کے اندھیروں میں دھکیلا گیا جس کا خمیازہ پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سالہ سلیکٹڈ اور مسلط کردہ حکومت کے کارناموں کا نتیجہ ہے اور پاکستا ن کے عوام اور ملک مہنگائی، معاشی اور اقتصادی بد حالی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر ملک کو اس مہنگائی، بد امنی اور معاشی بحران سے نکالنا ہے کیونکہ جب ملک میں معاشی مسائل اور بدامنی سمیت بے روزگاری ہو تو اس وقت اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی وارداتیں بڑھ جاتی ہے ہم نے ملکر قوم کو اس دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ 2013ء کو مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں واضح اکثریت کے باوجود میاں نواز شریف نے اقتدار کی بجائے اقدار کو ترجیح اور اس سے پہلے بلوچستان کے ساتھ ہونے والے مظالم پر قوم پرست رہنماؤں اور لوگوں کو گلے لگایا اور مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کیااور آج بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے سیاسی رہنماء اور الیکٹیبلز اور دیگر قبائلی عمائدین جوکہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں وہ جماعت میں شامل ہورہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء آمنہ مینگل نے اپنی دیگر خواتین ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان بھر میں مضبوط اور فعال بنانے کے لئے اپنا کردار ادا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے