نوجوانوں کا مستقبل صرف نواز شریف روشن کر سکتا ہے،مریم نواز
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں ایک بار پھرترقی کا سفر شروع کریں گے، پاکستان کا مستقبل اب صرف نواز شریف روشن کر سکتے ہیں جبکہ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا کی ترقی کے رکے سفر کو پھر سے شروع کریں گے، افسوس 10 سال خیبرپختونخوا ترقی سے محروم رہا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کے یوتھ اور وومن ونگ کا اجلاس ہوا جس میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی۔اجلاس کے دوران مریم نواز نے وارڈ لیول تک تنظیم مکمل کرنے اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو اوپر کی سطح پر لانے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں اور خواتین کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر پاکستان نوجوان اور خواتین کی ترقی کا سفر شروع کریں گے، نوجوانوں اور خواتین کی ہر سطح پر نمائندگی بڑھائیں گے۔
نائب صدر مسلم لیگ (م) کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور خواتین کی معاشی ترقی، روزگار اور ہنر مند بنانے کے لئے تاریخی پیکج دیں گے، تعلیم صحت اور کھیل کے شعبوں میں مواقع دیں گے، اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے وسائل فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل صرف نواز شریف روشن کر سکتا ہے، خواتین کے لیے معاشرے میں یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے، خواتین اور نوجوانوں کے لیے تعلیم صحت اور روزگار کے 3 نکات پر پالیسی بنائیں گے، اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو امپاور کر کے پاکستان کو امپاور کریں گے، نوجوان اور خواتین کو ہنر مند بنائیں گے، انتخابی مہم میں نوجوان اور خواتین مرکزی کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر یوتھ اور وومن ونگز کے عہدے داروں اور کارکنوں نے مسلسل حوصلہ افزائی پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔