نگران وزیراعلیٰ سندھ نے گورکھ ہل پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے گورکھ ہل پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا۔نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے گورکھ ہل پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی گاڑیوں ، ریزارٹ اور پیٹرول کے استعمال میں بہت سی بے ضابطگیاں سامنے آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی گاڑیوں پر 18 ڈرائیورز مامور ہیں لیکن وہ ڈیوٹی پرائیویٹ لوگوں کے ساتھ کرتے ہیں،گورکھ ہل ریزارٹ میں 12 باورچی رکھے گئے ہیں اس کے باوجود بھی پراجیکٹ کی بہتری کے لیے کام نہیں ہو رہا، پراجیکٹ میں 140 ملازمین ہیں لیکن کوئی بھی کام نہیں کرتا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے گورکھ ہل پراجیکٹ کے ڈائریکٹر کو وضاحت دینے جبکہ پراجیکٹ پر مکمل تحقیق و تفتیش کے لیے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے۔جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے مزید کہا کہ گورکھ ہل پراجیکٹ فنڈز عوام کی تفریح کے لیے ہیں نہ کہ چند من پسند لوگوں کو نوازنے کے لیے،فنڈز کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔