کوئٹہ میں روٹی کی قیمت میں اضافہ، تندور مالکان نے سنگل روٹی کی فروخت بند کردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 12روز بعد تندو کھل گئے تندور مالکان کی جانب سے سنگل روٹی کی فروخت بند کرکے ڈبل روٹی فروخت کر دی گئی شہریوں کو مہنگے داموں روٹی خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے 12روز قبل تندور ایسو سی ایشن کی جانب سے روٹی کی قیمتی بڑھانے سے متعلق مطالبے کو لیکر احتجاجی طور پر تندور بند کر نے کا فیصلہ کیاگیا تھا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور تندور ایسو سی ایشن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع رہا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تندور ایسو سی ایشن کے مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے 160گرام وزن کی سنگل روٹی کی قیمت 25روپے جبکہ 330گرام وزن کی ڈبل روٹی کی قیمت 50روپے مقرر کی گئی تاہم شہرکے بیشتر تندوروں پر سنگل روٹی کی فروخت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ تندور مالکان کی جانب سے صرف ڈبل روٹی فروخت کی جارہی ہے عوامی حلقوں کی جانب سے اس خدشے کااظہار کیا جارہا ہے کہ ڈبل ر وٹی میں وزن کی کمی کرنا آسان ہے جس کے باعث تندور مالکان صرف ڈبل روٹی کی فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ سنگل روٹی کی فروخت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاں تندور مالکان کے بلا جواز روٹی کی قیمت کے اضافے کے مطالبے کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کیا گیا ہے وہی عوامی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے تندور مالکان کو سنگل روٹی کی فروخت جاری رکھنے پر بھی پابند کیا جائے تاکہ عوام کو نان شبینہ کا محتاج کرنے کی سازش ناکام بنائی جاسکے۔