بلوچستان کے عوام کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہاہے، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے سینئررہنماچوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ نگران وفاقی حکومت اور محکمہ ریلوے بلوچستان میں بند کی جانے والی ٹرینوں کو فوری طورپر بحال کرنے کیلئے اقدامات کرے تاکہ صوبے کے عوام کو سستی اور معیاری سفرکی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے،بلوچستان سے پنجاب اورسندھ جانے والی ٹرینیں بندہونے کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان ریلوے کی سہولیات سے محروم ہیں صوبے سے پنجاب جانے والی اکبر بگٹی ایکسپریس اور کراچی جانے والی بولان میل کو بند کردیا گیاجبکہ بلوچستان سے صرف ایک ٹرین جعفرایکسپریس چل رہی ہے جس میں جگہ نہ ہونے سے بلوچستان کے عوام کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے دوسرے صوبوں کو جانے والی ٹرینیں بندہونے سے صوبے کے عوام اب بسوں کے ذریعے سفرکرنے پرمجبور ہیں جن کاکرایہ بہت زیادہ ہونے کی وجہ عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب ڈرائیوروں کی تیزرفتاری کے باعث آئے روز حادثات کے باعث لوگ اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔انہوں نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور محکمہ ریلوے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ کوئٹہ سے پنجاب اورسندھ جانے والی ٹرینیں جو نامعلوم وجوہات کی وجہ سے بندکردی گئیں تھیں صوبے کے عوام کی مشکلات اور سردیوں کی چھٹیوں کومدنظر رکھتے ہوئے فوری طور اکبر بگٹی ایکسپریس،بولان میل اوردیگر بندکی جانے والی ٹرینوں کو فوری طور دوبارہ چلانے کے احکامات جاری کریں تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفرکی بہتر اورسستی سہولیات میسرآسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے