سی پیک سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) حکومت نے سی پیک سمیت ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک بھر میں مقیم چینی بزنس مین اور شہریوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ خوشحال خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور جی بی کے چیف سیکریٹری، چینی سفیر اور پاکستان میں موجود چینی سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سی پیک پرکام کرنے والے، چینی سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کی سیکیورٹی کے ایس او پیز کو روائز کردیا گیا ہے اور چیف سیکریٹریز کو ہدایات ملی ہیں کہ بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب میں خاص طور پر چینی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے چینی باشندوں کو ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقننی بنانے کی درخواست کی ہے، چینی باشندے متعلقہ تھانے کو اپنی موجودگی اور آمدورفت کے بارے میں لازمی طور پر آگاہ رکھیں گے، چینی باشندے اور سرمایہ کار کہیں بھی آتے جاتے وقت بلٹ پروف گاڑی لازمی استعمال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرایے کے گھروں میں مقیم تمام چینی سرمایہ کار اور شہری متعلقہ تھانے میں فوری طور پر لازمی رجسٹریشن کرائیں گے۔