نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلیپا کینڈلر کی ملاقات، مہاجرین کے انخلاء سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے منگل کو یہاں پاکستان میں تعینات یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلیپا کینڈلر نے ملاقات کی اور افغان مہاجرین کے انخلاء سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا یو این ایچ سی آر کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصے تک افغان شہریوں کی مہمان نوازی کی ہے وفاقی حکومت نے پورے ملک سے غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے وطن واپس بھیجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے حکومت نے ایک ٹائم لائن مقرر کی تھی جس کی معیاد گزر چکی ہے اور اب حکومت نے تمام غیر قانونی تارکین وطن بشمول افغان شہریوں کو ان کے وطن واپس بھیجوانے کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے کوئی بھی ملک بغیر دستاویزات کے کسی دوسرے ملک کے شہری کو طویل عرصے تک نہیں رکھ سکتا نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ یہ کارروائی ان غیر ملکی افراد کے خلاف نہیں کی جاررہی جن کے پاس قانونی دستاویزات ہیں بلکہ یہ کارروائی بلا امتیاز تمام ان غیر ملکی افراد کے خلاف ہے جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں وطن واپس جانے والے افراد کی سہولت کے لئے ہولڈنگ سینٹر قائم کئے ہیں انہیں عزت و احترام سے ان کے وطن بھیجوایا جاررہا ہے انہوں نے کہا کہ سرزمین بلوچستان امن ، بھائی چارے اور محبت کی امین ہے اور بلوچستان میں تارکین وطن کی واپسی کے عمل میں ان کے حقوق کا تحفظ اور خیال رکھا جاررہا ہے ملاقات کے آخر میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو شیلڈ بھی پیش کی ۔