حکومت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے،کمشنر رخشان شاہ عرفان احمد غرشین
خاران(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر رخشان ڈویژن شاہ عرفان احمد غرشین نے کہا کہ حکومت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ڈاکٹرز اور اسٹاف کی غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال خاران کے دورے کے موقع پر کیا، کمشنر رخشان نے ہسپتال میں زیر علاج آپریشن ہونیاور باقی مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج سے متعلق معلومات حاصل کئیں، کمشنر نے ہسپتال میں اپنڈکس کے مریضوں کی آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ بڑے آپریشن بھی کرانے کو یقینی بنائیں گے، کمشنر نے لیبارٹری ایکسرے مشین، میڈیسن اسٹور اور ڈائیلسز یونٹ کا معائنہ کیا، ایم ایس ڈاکٹر محبوب بلوچ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں خصوصا میڈیکل آفیسرز سرجن اور باقی اسٹاف کی کمی سے متعلق کمشنر رخشان کو بریفنگ دی، کمشنر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی کمی سے متعلق سیکرٹری صحت سے رابطہ کیا جائیگا، ہسپتال کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنا اولین ترجیح ہے یہ ڈی ایچ کیو اور ساتھ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہے یہاں مریضوں کو تمام طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے،کمشنر نے ہسپتال دورے کے موقع پر شدید غذائی کمی کے شکار بچوں کے نیوٹریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوارٹر اصغر صفی نے نیوٹریشن پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔