نواز شریف 2 روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف 2روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گئے ۔ نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کا کوئٹہ ائیر پورٹ پر صوبائی صدر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کی جانب سے استقبال کیا گیا

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امرا رائیونڈ سے سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے سی پیک، ہیلتھ کارڈ، تعلیم ترقی، امن، روزگار، کاروبار اور حقوق دیے تھے، یہ سلسلہ پھر شروع کریں گے۔ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، امن پھر واپس لوٹے گا۔سابق وزیر اعظم شہباز شریف، مریم نواز اور دیگر بھی نواز شریف کے ہمراہ ہیں، نواز شریف کوئٹہ میں اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد بلوچستان کے 20سے زائد اہم شخصیات کی ن لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔ دورہ کوئٹہ کے موقع پر ن لیگ اور بی اے پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاہدوں کا امکان ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد پارٹی کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے