نگران حکومت مہاجرین کی بے دخلی اورانکی گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ اقتدار میں رہنے والی قوم اور مذہب پرست جماعتوں نے 40سال کے دوران افغان مہاجرین کے مستقبل سے متعلق اسمبلی میں کوئی بل پیش نہیں کیا آج یہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے مگرمچھ کے آنسوبہارہی ہیں عوام ان جماعتوں کی دوغلی پالیسیوں سے واقف ہیں انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان میں اسوقت ایک درجن سے زائد ممالک کے مہاجرین آباد ہیں لیکن نگران حکومت کی جانب سے صرف افغان مہاجرین کو بے دخل کرنے اورانکی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد مہاجرین میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو پاکستان میں پیدا اور بڑے ہوئے ہیں انہیں افغانستان کے رسم و رواج سے کوئی واقفیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 40سال سے اقتدار میں رہنے والی پشتون قوم پرست اور مذہب پرست جماعتوں نے اسمبلی میں کوئی بھی ایسا بل پیش نہیں کیا کہ پاکستان میں رہنے والے مہاجرین کا مستقبل کیا ہوگا آج وہ عوام کی ہمدردیاں اور سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے مگرمچھ کے آنسو بہارہی ہیں عوام انکی دوغلی پالیسیوں سے واقف ہیں انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت افغان مہاجرین کی بے دخلی اورانکی گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے بصورت دیگرایسے اقدامات سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تلخیاں بڑھیں گی جو کسی بھی طرح دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں اورپاکستان دشمن قوتیں اس سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے