کوئٹہ،سول ہسپتال کے پیرا میڈیکل اسٹاف عبدالغفار کانگو وائرس کے باعث کراچی میں جاں بحق،جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے سول ہسپتال کے پیرا میڈیکل اسٹاف عبدالغفار کانگو وائرس کے باعث کراچی میں جاں بحق، 7روز کے دوران کانگوکے 17کیس رپورٹ 3افراد جاں بحق ہوئے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی کے انفیکشن ڈیزز سینٹر میں کانگو وائرس سے متاثرہ سول ہسپتال کوئٹہ کے آئی سی یو پیرامیڈیکل اسٹاف غفار خان اچکزئی جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق اب تک صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر اور ایک پیرا میڈکل اسٹاف کی کانگو وائر س سے اموات ہوچکی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے 14افراد کا علاج کراچی میں جاری ہے جن 10ڈاکٹر،2پیرامیڈیکل اسٹاف اہلکار، ایک،ایک فارمسسٹ اور نرس شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق اس وقت 2ڈاکٹروں اور ایک فارماسسٹ کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق سول ہسپتال کی میڈکل وارڈ، نیفرولوجی وارڈ میں کانگو وائرس کے جراثیم کے خاتمے کے لئے خصوصی طور پر فیومیگیشن کی گئی ہے جس کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد شعبوں کو مریضوں کے لئے کھول دیا جائے گی۔ دوسری جانب محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 3نومبر سے اب تک صوبے میں 230افراد کے کانگو وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 17میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3مریضوں کا انتقال ہوچکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے