چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں ضمانت بحالی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں ضمانت بحالی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل اور توشہ خانہ نیب تحقیقات کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کی درخواستوں پر7 نومبر کو سماعت کرے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کازلسٹ جاری کر دی، جسٹس طارق محمود جہانگیری ایک ماہ کی چھٹیوں کے بعد واپسی پر بنچ میں شامل ہوگئے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں ضمانت خارج کر دی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمانت بحالی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، دو رکنی بنچ پہلے چھ کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں بحال کر چکا ہے۔
دوسری جانب توشہ خانہ فوجداری کیس میں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی مرکزی اپیل 7 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو اپیل میں نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔