بلوچستان سے پچھلے سال 21ارب کا ریو نیواکٹھا ہوا تھا اب یہ رقم بڑھ کر 35ارب ہوگئی ہے، کلیکٹر کسٹم بلوچستان محمد اسماعیل
کوئٹہ (ڈیلی گرین گودر)کلیکٹر کسٹم بلوچستان محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ انسداد سمگلنگ مہم کے نتیجے میں جہاں غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام ہوئی ہے وہاں قانونی تجارت میں بھی اضافہ ہوا ہے، بلوچستان سے پچھلے سال 21ارب کا ریو نیواکٹھا ہوا تھا اب یہ رقم بڑھ کر 35ارب ہوگئی ہے،یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے کسٹم ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسداد اسمگلنگ مہم شروع کررکھی ہے،جنوری سے اب تک 8767 میٹرک ٹن یوریا،11901 میٹرک ٹن چینی اور156 میٹرک ٹن گندم اور آٹاپکڑا ہے،ان اشیا کو نیلام کرکے رقم قومی خزانے میں جمع کرادی ہے،کلیکٹر کسٹم محمد اسماعیل نے کہا کہ کسٹم اور صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پکڑی دیگر اشیا،ڈرائی فروٹ،کوکنگ آئل،کپڑا اور کمبل سستا بازار میں عام لوگوں کو فروخت کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداداسمگلنگ مہم کے سلسلے میں اس سال جولائی سے اکتوبر تک 8 ارب کی اشیاء پکڑی گئیں،جبکہ گذشتہ سال یہ رقم 3 ارب روپے تھی۔ محمد اسماعیل نے بتایا کہ اب لوگ قانونی کاروبارکی طرف آرہے ہیں،پچھلے مالی سال میں 21رب روپے کا ریونیو جمع ہوا تھا جو اس مالی سال میں بڑھ کر 35ارب روپے ہوگیا ہے۔کلیکٹر کسٹمز محمد اسماعیل نے بتایا کہ انسداد اسمگلنگ مہم سے ڈیزل،پیڑول کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، کسٹمز بلوچستان انسداداسمگلنگ مہم کو جاری رکھی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں کلیکٹر کسٹمز محمد اسماعیل نے کہا کہ پورے ملک میں کہیں بھی اسمگلنگ شدہ سامان ہووہاں کسٹم کو کارروائی کا حق ہے۔