کوئٹہ شہرکو سٹی مینجمنٹ پلان کی ضرورت ہے نالیاں بنانے سے ٹھیک نہیں ہوگا،نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہرکو سٹی مینجمنٹ پلان کی ضرورت ہے نالیاں بنانے سے ٹھیک نہیں ہوگا، شہری اپنے مشترکہ گھر کے معاملات کو سنجیدگی سے درست کرنے کیلئے ایک نئے نظم کیساتھ جدوجہد کا آغاز کریں۔ یہ بات انہوں نے سراوان ہاؤس میں یوسی اتحاد، کوئٹہ ڈویلپمنٹ محاذ اور بلوچستان ڈویلپمنٹ فورم کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، سینئر صحافی رضاء الرحمٰن، عبدالمتین اخونذادہ، جانان اچکزئی، سرور بازئی، رضاء وکیل، محمد نبی اور عبدالودود سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری ایک افراتفری کے نظم میں رہ رہے ہیں، شہر کے نظم کو درست کرکے اس کے مسائل کا حل ہم نے خود تلاش کرنا ہے اس کیلئے پہلے ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا اور اس شہر کے ہر فرد کو یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ اپنے مشترکہ گھر کے معاملات کو سنجیدگی سے درست کرنے کیلئے ایک نئے نظم کیساتھ جدوجہد کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر نالیاں بنانے سے ٹھیک نہیں ہوگا شہر کو سٹی مینجمنٹ پلان کی ضرورت ہے اس کیلئے کوئٹہ کا ہر وہ شہری جس کو اپنی شناخت اور آئندہ نسلوں سے دلچسپی ہے اور چاہتا ہے کہ یہ شہر پھر سے چھوٹا لندن کہلائے تو پہلے اپنی ذات کے ساتھ یہ طے کرے کہ اس کے نمائندے کا معیار کیا ہونا چاہیے اس کے بعد اپنے ووٹ کے ذریعے جانے والے نمائندوں کا احتساب اور آنے والے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہاکہ سیاست پیٹ کیلئے نہیں سماج کیلئے کی جاتی ہے جو لوگ عوام کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے اپنے ساتھ یہ عہد کریں کہ کیا وہ بھی وہی کام کریں گے جو پہلے والے کرکے گئے یا اپنے لوگوں اور سماج کی خدمت کریں گے۔