ڈپٹی کمشنرسبی کا اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری کا نوٹس غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سبی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم میروانی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سبی علی اصغر مگسی کو ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اسپتال سبی کی صورتحال کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سبی نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی کا اچانک دورہ کیا اور اسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی حاضری چیک کی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سبی نے غیر حاضر ملازمین پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو طبی سہولیات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری سطح پر عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے