10 اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم30 اکتوبر سے شروع ہوگی، سید زاہد شاہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینٹر سید زاہد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان انسداد پولیو مہم 10 اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم تیس اکتوبرسے شروع ہوگی۔ جبکہ کوئٹہ سمیت پشین، قلعہ عبداللہ، چمن میں خصوصی پولیو مہم ملتوی کر دی گئی ہے،خصوصی مہم کے دوران 7لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی موجودگی پرخصوصی مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کوئٹہ،چمن،پشین،حب اور ڈیرہ بگٹی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پولیو کے انسداد کے لئے پر عزم ہیں۔صوبائی کوارڈینٹر نے کہا کہ مخلصانہ کوششوں کے باعث بلوچستان گزشتہ دو سالوں سے پولیو فری صوبہ قرار پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز نے ہرطرح کے سخت ترین موسمی حالات کے باوجود قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ہیں، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے۔سید زاہد شاہ نے کہا کہ بلوچستان کے 10 اضلاع جن میں آواران، ڈیرہ بگٹی، گوادر، حب، جعفرآباد، خضدار، لسبیلہ، نصیرآباد، صحبت پور، اوستہ محمد میں اس خصوصی پولیو مہم کے دوران 2ہزار849کے قریب ٹیمیں حصہ لینگی۔جن میں 2ہزار328موبائل ٹیمیں،218 فکسڈسائٹ او ر166ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔واضح رہے کہ کوئٹہ ڈویڑن کے اضلاع جن میں کوئٹہ سمیت پشین، قلعہ عبداللہ، چمن میں خصوصی پولیو مہم ملتوی کر دی گئی ہے، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے