کیسکوکی نادہندگان اوربجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی ٹیمیں صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیاں کررہی ہے اورگزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اب تک صوبہ بھر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کیخلاف 1368 درخواستیں مختلف تھانوں میں قانونی کاروائی کیلئے دائر کی جاچکی ہیں جبکہ بجلی چوروں کیخلاف اب تک 386 ایف آئی آرزبھی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 41 لاکھ35 ہزار یونٹس جرمانے عائد کیئے گئے ہیں اورمذکورہ ڈٹیکشن شدہ یونٹس کی قیمت تقریباً21کروڑ70لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے اب تک 17کروڑ20 لاکھ روپے جرمانہ وصول بھی کرلئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اب تک مجموعی طورپرصوبہ بھر میں 51ہزار نادہندگان سے ایک ارب10کروڑ روپے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں بھی وصول کیئے گئے ہیں۔دریں اثناء سبی سرکل میں سرویلنس کی ٹیم نے ڈیرہ مرادجمالی اور صحبت پورسب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث 10ہوٹلوں کی بجلی منقطع کردی اوراُن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ 2موبائل ٹاورزکے کنکشنز بھی بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جن کی بجلی منقطع کرکے اُن پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکوکی ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھرمیں بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکریں اور تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کریں نیزبجلی چوروں کے خلاف اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔