وفاقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی وفاقی ادارہ کا سربراہ ہونا آپ کیلئے ایک اعزاز ہے لیکن اس کے ساتھ آپ پر بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہیں کہ آپ صوبے کے عوام کی حالت کو دیکھتے ہوئے اپنے اپنے اداروں کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے بروئے کار لائیں تاکہ تمام منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد عام آدمی تک پہنچ سکیں، اچھی طرز حکمرانی کیلئے ضروری ہے کہ تمام اداروں کے درمیان باہمی احترام کی بنیاد پر خوشگوار اور کارآمد تعلقات کار کو فروغ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان سیٹیزن پورٹل کے حوالے سے صوبہ میں کام کرنے والے وفاقی اداروں کے نمائندوں کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی اداروں کے سربراہان اور پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز صاحبان بھی موجود تھے، جائزہ اجلاس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل پر وفاقی محکموں کی کارکردگی سے متعلق عوامی شکایات اور ان کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے مختلف اداروں کے نمائندگان سے ان کی کارکردگی کے حوالے سے سوال جواب بھی کئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں، اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، بدلتے حالات اور انسانی ضروریات کے مطابق نئی اصلاحات کی تجاویز بھی پیش کریں جائزہ میں شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔