ریاست مخالف عناصر غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے نان ایشو کو ایشو بنانے سے گریز کریں، جان اچکزئی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصر غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے نان ایشو کو ایشو بنانے سے گریز کریں، ریاست مخالف عناصر نے ہمیشہ ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے, ریاست ایسے عناصر سے نمٹنا جانتی ہے,اگر کسی نے بھی حکومتی پلان میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو،اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ وسیع تر قومی مفاد میں کیا گیا ہے۔ کسی بھی ملک کے لیے قومی مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہوتا ہے لیکن مجھے انتہائی افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ چند سیاسی پارٹیاں اس قومی مفاد کے حامل اقدام کو اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیاست چمکانے کے لیے سیاسی پارٹیوں کے پاس بیانیہ بنانے کیلیے بہت سے ایشو موجود ہیں جن پر سیاست کی جا سکتی ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو تمام ملکی اور بین الاقوامی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے واپس بھیجا جا رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے غیر ملکیوں کو انسانی حقوق کی خاطر طویل عرصہ تک ان کی میزبانی کی لیکن اب قومی مفادات اور قومی بقاء و سلامتی اور مالی مشکلات میں غیر ملکیوں کو اپنے وطن واپس بھیجنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ہم فیصلے پر منفی بات کرنے والے یا سیاست کرنے والے ریاست کے وفادار نہیں ہو سکتے۔ نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں سیاست کے لیے اور ایشو ڈھونڈیں قومی مفادات سے کھلواڑ نا کریں۔ پاکستان کے مفادات کا تحفظ ہماری اجتماعی زمہ داری ہے۔ سیاسی پارٹیاں پہلے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں جو کہ ان کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے تاکہ ملک میں مثبت سیاست کو فروغ دیا جا سکے۔