کوئٹہ سسمک زون میں واقع ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکس آف پاکستان کے زیر اہتمام پہلی نمائش کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سسمک زون میں واقع ہے اور عمارات کی تعمیر اگر زلزلوں سے ہونے والے خطرات کو پیش نظر رکھ نہ کی جائے تو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہو سکتے ہیں. زلزلے جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک میں بھی آتے ہیں لیکن وہاں سائنٹسٹ اور آرکیٹیکٹ کے متحرک کردار کی وجہ وہ نقصانات نہیں ہوتے جس کا شکار ہم معمولی شدت کے زلزلہ سے ہو جاتے ہیں. گورنر بلوچستان نے اجتماعی بےحسی اور نااہلی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں بارش نہ ہو تو ہمیں قحط اور خشک سالی جھیلنی پڑتی ہے اور اگر بارش ہو جائے تو ہم طغیانی اور سیلاب سے مارے جاتے ہیں. ہماری نااہلی اور پسماندگی کے باعث فطرت کا ہر مظہر ہمیں نقصان پہنچاتے ہیں. انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ترقی دیکر دیگر ترقی یافتہ اقوام کی طرح ہم بھی صورتحال کو بہتر کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں انجنئیرزاینڈ آرکیٹیکٹس کا کردار اہمیت کا حامل ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشرے میں حرص اور لالچ اتنی بڑھ گئی ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مختلف پیشوں سے وابستہ ماہرین بھی جائز اور ناجائز، صحیح اور غلط میں تمیز کرنا بھول چکے ہیں اور ذاتی خواہشات اور مفاد سے آگے دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو چکے ہیں جو اجتماعی بدقسمتی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ سردست پاکستان میں توانائی کا شدید بحران ہے جس پر قابو پانا ہم سب کیلئے بڑا چیلنج ہے. انجینئرز حضرات بھرپور رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں اور آپ ہی ہمارے بجلی کے روایتی نظام کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں. دنیابھر میں انجینئر اینڈ آرکیٹیکٹ کے بنائی ہوئی عمارات سیاحت کے پر کشش مراکز ہیں. اگر ہمارے انجنیئرز پاکستان میں کوئی شاندار بلڈنگ یا کوئی شاہکار ٹاور بنا کر دیں تو ہم بھی دنیابھر سے سیاحوں کو متوجہ کر سکتے ہیں. آخر میں گورنر بلوچستان نے کامیاب اختتامی تقریب کے انعقاد پر اے پی آئی کے مرکزی چئیرمین عارف چنگیزی اور عیسیٰ خان اور نیشنل و انٹرنیشنل کمپنیوں کے نمائندوں کی کوششوں لائق تحسین قرار دیا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکس آف پاکستان کی پہلی نمائش کی اختتامی تقریب پر لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے