حکومت کی کوشش ہے کہ قیدیوں کو ٹیکنیکل ٹریننگز اور تعلیم کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں، مدد علی سندھی

کوئٹہ(این این آئی)نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کوئٹہ میں سینٹرل جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا قیدیوں سے ملاقات کی ان سے بات کی اور انکے مسائل دریافت کئے جبکہ ان میں 2000 کے قریب کتابیں بھی تقسیم کیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے سپرٹینڈنٹ جیل اسحاق زہری سے بھی ملاقات کی۔ ڈی آئی جی جیل ضیاء اللہ ترین نے جیل میں قیدیوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں بات کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی جیلوں میں سزا یافتہ قیدیوں کو ٹیکنیکل ٹریننگز اور تعلیم کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں اس حوالے سے ادارہ نیوٹیک اور علامہ اقبال یونیورسٹی سے رہنمائی لے رہے ہیں۔

جیل دورہ کے موقع پر ڈی جی نیوٹیک حسین بخش مگسی، ڈی جی ہائر ایجوکیشن کمیشن بلوچستان ظہور بازء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر سرکی روڈ کا بھی دورہ کیا اور سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ ٹیکنیکل سینٹر کے پرنسپل شعیب شیرازی نے نگراں وفاقی وزیر کو سینٹر سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ دورہ کے موقع پر سابق وفاقی وزیر و سینیٹر روشن خورشید بروچہ، ایڈیشنل سیکریٹری لیبر اینڈ مین پاور زوار حسین، اور ڈائریکٹر لیبر اینڈ مین پاور ارشاد احمد بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے