فوڈ اتھارٹی کی ناقص و ملاوٹی اشیاء کی تیاری و فروخت کے خلاف مختلف اضلاع میں کاروائیاں جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص و ملاوٹی اشیاء کی تیاری و فروخت کے خلاف مختلف اضلاع میں کاروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بی ایف اے کی ہیڈ کوارٹر اور ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فوڈ سیفٹی قوانین و حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 18 ، مسلم باغ میں 5 جبکہ جٹ پٹ (ضلع جعفرآباد) میں 4 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کیے ۔ بی ایف اے ہیڈ کوارٹر (کوئٹہ) کی مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مسجد روڈ ، عدالت روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور سرکی روڈ انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں متفرق کھانے پینے کے مراکز کی انسپیکشن کی۔ دوران انسپیکشن بارہا تنبیہ و اصلاحی نوٹسز کے باوجود شہریوں کو غیر معیاری و مضر صحت اشیاء خوردونوش کی فراہمی پر 6 ریسٹورنٹس و فوڈ سینٹرز ، 3 نان شاپس ، 1 آئسکریم کارنر ، 5 بیکنگ یونٹس ،2 ہولسیلرز اور 1 جنرل اسٹور کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
مزید برآں مسلم باغ میں بی ایف اے ڈویژنل فوڈ سیفٹی حکام نے ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 1 ملک شاپ جبکہ زائد المعیاد اشیاء و ناقص (غیر رجسٹرڈ)کولڈرنکس برآمد ہونے پر 1 بیکری اور 3 ہولسیل ٹریڈرز کے خلاف کارروائی کی ۔ اسی طرح جٹ پٹ ضلع جعفر آباد میںمتعلقہ ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کی موجودگی میں 1 ملک شاپ ، 1 ہوٹل اور 2 جنرل اسٹورز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے ۔جرمانہ کیے گئےملک شاپ میں صفائی کی صورتحال ابتر اور دودھ میں پانی کی وافر مقدار کی ملاوٹ پائی گئی ، ہوٹل مالک کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ جنرل اسٹورز سے ممنوعہ اشیاء (چائنیز نمک و گٹکاپان پراگ) برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔دوران انسپیکشن اسسٹنٹ کمشنر اور نائب تحصیلدار جٹ پٹ (جعفرآباد) مسلسل بی ایف اے معائنہ ٹیم کے ہمراہ رہے۔ بی ایف اے کی تمام تر کاروائیوں کے دوران دوران متعدد مراکز سے ناقص و زائد المیعاد اشیاء ضبط کرکے بعدازاں تلف کر دی گئیں۔