بلوچستان سے پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد قافلوں کی صورت میں ٹرین اور کوچز کے ذریعے آج صبح لاہور کیلئے روانہ ہوں گے، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کیلئے بلوچستان سے پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد قافلوں کی صورت میں خصوصی ٹرین اور کوچز کے ذریعے آج صبح لاہور کیلئے روانہ ہوں گے لاہور جانے والے قافلوں کی نظم کو برقرار رکھنے کے لئے پانچ رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے، میاں نواز شریف کی آمد کے بعد ملک میں ایک نئے سیاسی باب کا اضافہ ہوگا اور مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ یہ بات انہوں ن اپنے ایک بیان میں کہی۔ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)بلوچستان کی جانب سے قائد میاں نواز شریف کابھرپوراستقبال کیاجائیگا جس کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے کارکنوں کی لاہور روانگی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے بلوچستان سے پی ایم ایل ن کے آٹھ سے دس ہزار کارکن لاہور جارہے ہیں یہ قافلے جمعہ کو خصوصی ٹرین اور مسافر کوچزکے ذریعے لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے کارکن چھ بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کے ذریعے آج صبح 11بجے روانہ ہونگے جبکہ یہی ٹرین 22اکتوبر کی شام 6بجے دوبارہ کوئٹہ آئے گی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ لاہور روانگی سے قبل نصیر خان اچکزئی، نسیم الرحمن ملا خیل، وہاب اٹل، جاوید اقبال، چوہدری شبیر پر مشتمل انتظامی کمیٹی بنائی گئی ہے جو عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مشکلات کو دور کریگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی کل پاکستان آمد کے بعد ملک کی سیاسی تاریخ نیا رخ اختیار کرنے جارہی ہے آنے والا دور بلوچستان اور ملک میں مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔