نوازشریف عدالتوں اور نظام کو دھوکہ دے کر بیرون ملک فرار ہوئے ، شبلی فراز
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص اداروں کی ساکھ کو داوَ پر لگارہے ہیں۔ نوازشریف نے ادارے بنانے کے بجائے انہیں تباہ کیا۔
شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوازشریف عدالتوں اور نظام کو دھوکہ دے کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے نہیں عدالت نے کہا کہ آپ قانون کا مذاق اڑا کر باہرگئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ نوازشریف نے صرف اپنے کاروبار کو مستحکم کیا۔ نوازشریف کی تقاریر سے لگتا ہے کہ وہ ملک سے بدلہ لےرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف باتوں کو الجھانے کے بجائے عدالتوں کو سوالوں کے جواب دیں۔ نوازشریف نےمنی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں ڈالر کے اثاثےبنائے۔ نوازشریف صرف یہ بتادیں کہ پیسہ باہر کیسے لے کرگئے اور لندن میں اپارٹمنٹ کیسے بنائے؟۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نےعدالت کو مطمئن کیا اور صادق اور امین قرار دیئے گئے۔ عمران خان 22سال جدوجہد کےنتیجےمیں وزیراعظم بنے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں برآمداد میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا۔ آپ نے صرف اپنے خاندان کو تقویت دیاور ذاتی کاروبار کو فروغ دیا۔ ملک کے خلاف تقریر کرنے والے نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔نوازشریف نے نئی نسل کو صرف پیسے کی بنیاد پر رول ماڈل دیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ایسے اقدام کیے جس سے ڈالر مصنوعی سطح پر برقرار رہا۔ آپ نے عوام کو دھوکہ دیا اب لوگ آپ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ جب یہ ادارے آپ کے ساتھ تھے تو ٹھیک تھے۔ آپ اور بانی متحدہ کے خطاب میں کوئی فرق نہیں تھا۔